بغداد،16جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین سفارتکار جان کوبس نے متنبہ کیا ہے کہ موصل شہر کو داعش سے واگزار کروانے کے لیے متوقع فوجی کارروائی دنیا میں سب سے بڑے انسانی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔کوبس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے معاون دفتر ’’اوچا‘‘کے اندازوں کے مطابق یہ 2016ء کی سب سے بڑی کارروائی اور دنیا میں انسانی بحران کا سب سے حساس معاملہ ہو گا۔موصل عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر 2014ء کے وسط سے شدت پسند گروپ داعش نے قبضہ کر رکھا ہے۔کوبس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے اس ضمن میں امداد کیلئے 80کروڑ 61لاکھ ڈالر کی اپیل میں سے صرف اب تک 40فیصد سے بھی کم حاصل ہو چکے ہیں اور موجودہ وسائل کو فوری طور پر کام میں لانے کی ضرورت ہے۔ان کے بقول یہ صرف فوری ہنگامی ضرورت کے لیے نہیں بلکہ موصل کو آزاد کروانے کے لیے شروع ہونے والی متوقع مہم کے تناظر میں بھی ہے۔انھوں نے متنبہ کیا کہ موصل میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک ارب ڈالر کی ضرورت ہو سکتی ہے۔عراق پہلے ہی ہنگامی صورتحال کے درجہ تین میں شامل ہے جو کہ بحران کی بلند ترین شرح کو ظاہر کرتا ہے۔اس وقت اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ایک کروڑ عراقیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ضرورت ہے جن میں 34لاکھ لوگ وہ ہیں جو 2014ء میں داعش کی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد سے بے گھر ہوئے۔آئندہ ہفتے واشنگٹن میں عراق کی معاونت کے لیے ایک کانفرنس بھی ہونے جا رہی ہے۔